کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی ریلیاں، درجنوں کارکن گرفتار


لاہور/کراچی/پشاور (قدرت روزنامہ)بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے لاہور، کراچی ، پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا . راولپنڈی میں جاتلی کے علاقے میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے دس کارکنوں کو تحویل میں لے لیا .


راولپنڈی میں این اے 56 میں ریلی نکالی گئی جو ڈھوک رتہ سے ہوتی ہوئی ریلی سید پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی . ریلی کے شرکا نے ایک ریاست دو دستور نامنظور کے نعرے لگائے . انہوں نے پی ٹی آئی پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں .
پشاور میں بھی ریلی نکالی گئی تاہم پولیس نے ریلی کو رنگ روڈ پر روک دیا . اس موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی . پولیس نے کئی پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا . پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے ریلی کے لئے این او سی نہیں لیا جس کے بغیر جو بھی روڈ پہ آئے گا گرفتار کیا جائے گا .
کراچی میں تحریک انصاف نے کلفٹن میں ریلی نکالی جہاں پولیس نے 50 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا .
لاہور میں علامہ اقبال روڈ بانی چیرمین کے نعروں سے گونج اٹھا . این اے 119میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں مردوں ، عورتوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی . پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی لیکن کارکنوں کی تعداد زیادہ ہونے پر راستے سے ہٹ گئی .

. .

متعلقہ خبریں