عام انتخابات: 2کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک میں عام انتخابات میں اس بار بڑی تعداد میں نوجوان پہلی بار اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے، 2کروڑ سے زائد نئے ووٹرز کے لیے ضروری ہے وہ درست انداز میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔اتنی بڑی تعداد میں ووٹ بینک کسی بھی سیاسی جماعت کو اقتدار کی کرسی پر بٹھا سکتا ہے، اس لیے ضروری ہے ان نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔
سب سے پہلے جب ووٹ ڈالنے جائیں تو پہلے مرحلے میں پولنگ افسر اصل قومی شناختی کارڈ اور انتخابی فہرست میں درج تفصیلات چیک کرے گا۔ آپ کا نام اور سلسلہ نمبر بلند آواز سے پولنگ ایجنٹس کو پکارا جائے گا اور انتخابی فہرست سے نام کاٹ دیا جائے گا، اس کے بعد انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا اور انگوٹھے پر انمٹ سیاہی کا نشان لگا دیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران بیلٹ پیپرز کی پشت پر دستخط اور مہر ثبت کرنے کے بعد قومی اسمبلی کے لیے سبز رنگ اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر جاری کرے گا۔ اس کے بعد ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جائیں اور اپنے بیلٹ پیپرز پر اپنی پسند کے کسی ایک امیدوار کے انتخابی نشان پر درست طریقے سے مہر لگائیں، سبز رنگ کا بیلٹ پیپر سبز ڈھکن والے بیلٹ باکس اور سفید رنگ کا بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے بیلٹ باکس میں ڈال دیں۔
ووٹ ڈالنے جانے سے پہلے چند ضروری ہدایات پر عمل درآمد ضرور کریں۔ اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں، زائد المعیاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوگا، ووٹ کی رازداری کا ہر حال میں خیال رکھیں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہے۔
ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوجائے گا۔ پولنگ کے مقررہ وقت کے اختتام کے بعد بھی پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود ووٹرز اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔