حافظ نعیم الرحمٰن کے سیٹ چھوڑنے پر ایم کیو ایم کا ردعمل


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی پی ایس 129 سیٹ چھوڑنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم امیدوار معاذ مقدم نے حافظ نعیم کے خلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا تھا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھاندلی زدہ جیت کا بھانڈا پھوٹنے سے روکنے کے لیے حافظ نعیم نے نشست چھوڑنے کا اعلان کیا۔ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان حافظ نعیم کی دھاندلی زدہ جیت کو ثابت کرنے کے لیے پوری تیاری کر چکی ہے، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن نے میدان سے بھاگ کر اپنی جماعت کی روایت برقرار رکھی۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کیا حافظ نعیم صاحب الیکشن کمشنر لگے ہوئے ہیں جو اعلان کر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن سیٹ جیتے ہی نہیں ہیں، انہوں نے اپنی عزت بچائی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس 129 سے ایم کیو ایم پاکستان کا امیدوار جیتا ہے، جماعت اسلامی اس طرح شور مچا رہی ہے کہ جیسے پورے پاکستان میں جیتی ہے، یہ لوگ ایک سال بلدیاتی حکومت میں کچھ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلدیاتی حکومت ہمارے بائیکاٹ کے صلے میں ملی تھی، ان کا بیانیہ ہے کہ یہ فیصلہ کریں گے کہ کسے ووٹ ملا، ہم ان سے لوکل گورنمنٹ بھی چھینیں گے۔