پاکستان

ایف بی آر کو رواں ماہ 20 ارب روپے سے زائد ریونیو شارٹ فال کا خدشہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں ماہ(مارچ) کے دوران 20 ارب روپے سے زائد کے ریونیو شارٹ فال کا خدشہ ہے جبکہ اہداف کے حصول کے لیے ہفتہ وار تعطیلات ختم کرکے ہفتہ اور اتوار کو ایف بی آر اور ماتحت ادارے شام چار بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ 30 مارچ اور اتوار 31 مارچ کو ایف بی آر اور اس کے متعلقہ ادارے اور متعلقہ بینک برانچز شام 4 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے ٹیکس واجبات بینکوں میں جمع کروا سکیں۔
ایف بی آر کی طرف سے فیلڈ فارمشنز کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ بینکوں کی شاخوں کے ساتھ لائزن قائم کریں تاکہ ان دونوں دنوں میں ٹیکس دہندگان کی طرف سے جمع کروائے جانے والے ٹیکس واجبات کو اسی روز قومی خزانے میں جمع کروا کر مارچ کی ٹیکس ریکور میں شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے رواں ماہ(مارچ) کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 879 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جبکہ 29 مارچ تک 835 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جاسکا جو کہ مقررہ ہدف سے 44 ارب روپے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بھی مارچ میں ایف بی آر کو ٹیکس وصولی کا ہدف 879 ارب روپے طے ہے جبکہ ایف بی آر کا رواں مالی سال 2023-24کے پہلے نو ماہ(جولائی تا مارچ 2023-24) کے لیے ٹیکس وصولیوں کاہدف 6 ہزار 707 ارب روپے ہے اور اب تک 6 ہزار 666 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں۔ ایف بی آر نے اسی وجہ سے ٹیکس جمع کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کو دفاتر اور بینک کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ مقررہ ہدف پورا ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں