اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول والدین بننے والے ہیں: بھارتی میڈیا کا دعویٰ


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی، اداکارہ اتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ جوڑی اپنے پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والی ہے۔
بھارتی میڈیا پر ان افواہوں کو کسی اور نے نہیں بلکہ خود اداکار سنیل شیٹی نے ایک ڈانس شو کے دوران جنم دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل شیٹی کی جانب سے بیٹی اور داماد سے متعلق کیے گئے ایک حالیہ تبصرے نے اتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول کے مداحوں کو پرجوش کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس خبر کی شیٹی خاندان کی جانب سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ تجربہ کار اداکار سنیل شیٹی مقبول رئیلٹی شو ’ڈانس دیوانے‘ کے جج ہیں۔ اس شو کی تازہ ترین ایپی سوڈ کو ’دادا دادی اسپیشل‘کا نام دیا گیا تھا۔
شو کے دوران میزبان، بھارتی سنگھ نے مزاحیہ انداز میں سنیل شیٹی سے پوچھا کہ اگر وہ نانا بن جاتے ہیں تو اُنہیں کیسا لگے گا؟ وہ نانا بننے کے بعد کیسا برتاؤ کریں گے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ’ ہاں، اگلے سیزن میں جب میں آؤں گا تو میں نانا کی طرح اسٹیج پر چلوں گا۔‘
سنیل شیٹی کے اس بیان نے فوری طور پر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔ یاد رہے کہ اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول کی شادی 23 جنوری 2023ء کو ہوئی تھی۔