بھارتی اداکار روی کشن کی خفیہ بیوی اور بیٹی سامنے آگئی


لکھنؤ(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکار اور بی جے پی رہنما روی کشن سے متعلق ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اُن کی بیوی ہیں اور اداکار سے اُن کی جوان بیٹی بھی ہے . بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ شہر سے تعلق رکھنے والی اپرنا ٹھاکر نامی خاتون نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ روی کشن نے سال 1996 میں اُن سے شادی کی تھی اور اداکار سے اُن کی بیٹی بھی ہے جس کا نام شینووا ہے .


اپرنا ٹھاکر نے کہا کہ روی کشن نے اپنی بیٹی شینووا کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے، اسی لیے اُنہوں نے کورٹ میں کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے . پریس کانفرس کے دوران روی کشن کی مبینہ بیٹی شینووا نے کہا کہ اُنہیں 15 سال کی عُمر میں علم ہوا تھا کہ روی کشن اُن کے والد ہیں، اس سے قبل وہ اداکار کو انکل کہہ کر پکارتی تھیں .
شینووا نے کہا کہ روی کشن ہر سال اُن کی سالگرہ کے موقع پر گھر آیا کرتے تھے اور اُنہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اُنہیں (اپنی مبینہ بیٹی کو) بالی ووڈ میں اسٹار بنائیں گے لیکن اب وہ اُنہیں اپنی بیٹی ماننے سے انکار کررہے ہیں .
اپرنا ٹھاکر اور شینووا کے الزامات کے بعد روی کشن کی اہلیہ پریتی شکلا نے خاتون کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی جس میں اُنہوں نے الزام لگایا ہے کہ اپرنا سونی عرف اپرنا ٹھاکر نے انہیں دھمکی دی تھی کہ ان کے انڈر ورلڈ سے تعلقات ہیں .
روی کشن کی اہلیہ پریتی شکلا نے کہا کہ اپرنا ٹھاکر نے مبینہ طور پر 20 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ اگر اُن کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو وہ روی کشن کو عصمت دری کے جھوٹے کیس میں پھنسا کر اُن کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں گی .
پریتی شکلا کی شکایت پر پولیس نے اپرنا ٹھاکر، ان کے شوہر راجیش سونی، بیٹی شینووا سونی، بیٹے سونک سونی، سماج وادی پارٹی کے رہنما وویک کمار پانڈے اور ایک صحافی خورشید خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے .
واضح رہے کہ متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے روی کشن سال 2019 میں گورکھپور سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر ایم پی منتخب ہوئے تھے . بی جے پی نے روی کشن کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے بھی گورکھپور سے لڑنے کے لیے نامزد کیا ہے، الیکشن سے قبل خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات نے اداکار کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں .

. .

متعلقہ خبریں