انگلینڈ کے کون سے میدان پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انگلینڈ کے کرکٹ اسٹیڈیمز پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت میں دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کی بحالی میں انگلینڈ متوقع نیوٹرل وینیو ہو سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے تاحال پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کی اجازت نہیں دی البتہ دونوں حکومتوں کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر راضی ہونے کی صورت میں لارڈز ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔
اس کے علاوہ دی اوول اور ایجبیسٹن بھی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔
چیف ایگزیکٹو واروکشائر اسٹیورٹ کین نے کہا ہے کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے پروپوزل کو بھرپور سپورٹ کریں گے، یہ سیریز پورے ریجن اور ویسٹ مڈلینڈز میں رہنے والے بہت سارے پاکستانی اور انڈین فینز کے لیے شاندار ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان سے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
پوڈکاسٹ انٹرویو کے روہت شرما کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان باضابطہ سیریز کے حق میں ہوں، میری رائے خالص کرکٹ پر مبنی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
روہت شرما نے اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایک زبردست ٹیم ہے اور پاکستان کی بولنگ بہت زبردست ہے۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز بہت شاندار ہوں گے، دونوں کے درمیان تگڑا مقابلہ ہوگا اور خاص طور پر اگر یہ باہر کی کنڈیشن میں ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار ٹیسٹ میچ 2007 میں کھیلا گیا تھا۔