میرے بڑے بھائی حقیقی زندگی میں سپر مین جیسے مضبوط ہیں، بابی دیول


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار بابی دیول نے کہا ہے کہ انکے بڑے بھائی سپر سنی دیول حقیقی زندگی میں سپر مین ہیں۔ بالی ووڈ کے اداکار بھائیوں سنی دیول اور بابی دیول کے بارے میں مشہور ہے کہ ان میں قربت کی وجہ آپس کی محبت اور ایک دوسرے کے لیے احترام کا جذبہ ہے۔
یہ دونوں بھائی بھارتی کامیڈی شو دی گریٹ انڈین کپل شو کی آئندہ آنیوالی قسط میں نظر آئیں گے۔ دونوں بھائیوں کے درمیان اس احترام اور محبت کو دکھانے کےلیے نیٹ فلیکس کی جانب سے گزشتہ روز دی گریٹ انڈین کپل شو کے آئندہ قسط کا ایک پرومو جاری کیا گیا جو جذبات سے بھرا تھا۔
پرومو میں بابی اپنے بڑے بھائی کا تذکرہ انتہائی احترام سے کرتے ہوئے انہیں سپر مین کہتے ہیں۔ بابی کا کہنا تھا کہ اگر حقیقی زندگی میں کوئی سپر مین جیسا مضبوط ہے تو وہ میرے بھائی ہیں، میں نے ان جیسا توانا شخص کبھی نہیں دیکھا۔
انکا کہنا تھا کہ انکے بھائی کی متعدد بیک سرجری (کمر کے آپریشن) ہوچکے ہیں لیکن اسکے باوجود جب بھی فلمی کردار میں کسی کو اٹھانا ہوتا ہے تو وہ باآسانی ایسا کرتے ہیں، اس میں سب سے پُرمزاح بات یہ ہوتی ہے کہ وہ ایسا ظاہر کرتے ہیں کہ جیسے کوئی وزن تھا ہی نہیں۔
اس ویڈیو کلپ میں بڑے بھائی سنی اس وقت جذباتی ہوگئے جب انہوں نے خاندان کو 2023 میں ملنے والی بڑی کامیابیوں کا ذکر کیا، ان میں دھرم جی کی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی میں رول، اپنی فلم غدر ٹو کا بہترین بزنس اور بابی کی جانب سے فلم اینیمل میں جاندار کردار اور فلم کی کامیابی شامل ہیں۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ 1960 سے ہمارا خاندان فلمی دنیا میں ہے، لیکن کئی سال ہوگئے ہم کوششیں کر رہے تھے لیکن کامیابی نہیں مل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انکے بیٹے کی شادی بھی گزشتہ برس ہوئی پھر ہم تینوں کی یہ فلمیں کامیاب ثابت ہوئیں، یقین نہیں آتا یہ سب کچھ کیسے ہوگیا۔