امریکی رکن کانگریس نے خلائی جنگ کی تیاری کا عندیہ دیدیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ری پبلکن امریکی رکن کانگریس کین کالورٹ نے خلائی جنگ کی تیاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور چین سے نمٹنے کیلئے امریکی فوج چاند پر اڈے قائم کرے گی۔
امریکی ایوان نمائندگان میں دفاعی امور سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ کین کالورٹ نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ چین چاند کی سطح پر اپنی فوج تعینات کرے گا جبکہ روس زمین کے مدار میں کئی ٹن وزنی بم رکھ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ براہ راست دھمکی ہوگی کہ اگر کوئی اقدام روس کے خلاف ہوا تو ماسکو بم چلا دے گا جس کی تابکاری کے اثرات سے زمین کے نچلے مدار میں موجود اس حصے میں ہر چیز تباہ ہوجائے گی۔
رکن کانگریس نے کہا کہ امریکی خلائی فورس بھی فعال کی جائے گی، اس ضمن میں بحث و مباحثہ جاری ہے اور کسی موقع پر خلائی فورس کو چاند پر تعینات کیا جائے گا۔
کین کالورٹ نے کہا کہ ممکن ہے اس دہائی کے اختتام تک امریکا چاند پر فوجی اڈہ قائم کر لے گا۔
امریکی اخبار کے مطابق سن 2021 میں روس اور چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل لونر ریسرچ اسٹیشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔