لاہور اور کراچی سے حج پروازوں کا آغاز؛ اللہ کے مہمان حجاز مقدس روانہ


لاہور / کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان سے حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ لاہور اور کراچی سے اللہ کے مہمان حجاز مقدس کے لیے روانہ ہو گئے۔
قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کے تحت لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 717 مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 329 عازمین حج سوار ہوئے۔ اس موقع پر پی آئی اے کے چیف پروجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے ضیوف الرحمن کو حجاز مقدس روانہ کیا۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 17 جون سے ہو گا۔
دوسری جانب کراچی سے پہلی حج پرواز عازمین کو لے کر روانہ ہو گئی۔ نجی ائرلائن کی فلائٹ نمبر پی اے 176 ، 2 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوئی، جس میں 150 عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ بعد ازاں کراچی ہی سے نجی ائرلائن کی دوسری حج پرواز پی ایف 754 مدینہ منورہ کے لیے 180 عازمین کو لے کر 2 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی۔