خیبر پختونخوا میں دو ماہ کے دوران صحت کارڈ پر ایک لاکھ افراد کا مفت علاج
پشاور(قدرت روزنامہ) صحت کارڈ پر خیبر پختونخوا میں یکم رمضان سے اب تک ایک لاکھ افراد کا مفت علاج مکمل ہوگیا۔
اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کے مشیر صحت قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اب تک صحت کارڈ پر کیے گئے مفت علاج پر 2.7 ارب روپے لاگت آئی ہے، یکم رمضان سے اب تک صحت کارڈ پر ایک لاکھ سے زائد افراد کا مفت علاج کیا جاچکا ہے جو کہ ملک اور صوبے کے مختلف اسپتالوں میں داخل خیبرپختونخوا کے شہریوں کا کیا گیا ہے۔
سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ صحت کارڈ کی بحالی پر عوامی نمائندہ کی حیثیت سے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صحت کارڈ چئیرمین عمران خان کی جانب سے پختونخوا کے عوام کیلئے تحفہ ہے، صحت کارڈ پینل پر رجسٹرڈ اسپتالوں میں معیار جانچنے کیلئے جائزہ جاری ہے۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ جو بھی ہسپتال معیار پر سمجھوتہ کرے گا انہیں پینل سے ہٹادیا جائے گا، صحت کارڈ کے استعمال سے سرکاری اسپتالوں کی خدمات میں بھی بہتری آئی ہے۔