بانی پی ٹی آئی کے پیچھے کوئی تو ہے جو اسے سپورٹ کر رہا ہے، شرجیل میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پیچھے کوئی تو ہے جو اسے سپورٹ کر رہا ہے، اسے سپورٹ کرنے والا کوئی غیر ملکی بھی ہو سکتا ہے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ کونسا جیل کا قیدی ہے، جسے سزا ہوگئی پارٹی چلا رہا ہے، ٹکٹ بھی دے رہا ہے، کبھی کسی کو یہ سہولت ملی، جیل سے حکومتیں اور سینیٹرز بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے باوجود اسے سزا نہیں ہوئی، ایک پاکستانی شہری کو بھارت اور اسرائیل سےکیوں فنڈنگ ہورہی تھی۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم منشیات کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، اس جہاد میں ہمیں صحافیوں کی مدد چاہیے، جو لوگ منشیات کے عادی ہو رہے ہیں وہ آپ کے اور ہمارے بچے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کرسٹل اور آئس خودکش بمبار ہے، صحافیوں کی گرانٹس بڑھائی جائیں گی، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام مزید آتا جائے گا، آج جو شخص کروڑوں روپے کما رہا ہے، وہ ٹیکس نہیں دے رہا، ملک میں سیاسی گہما گہمی ہمیشہ رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی کہا ہے کہ سب ساتھ مل کر بیٹھیں، پہلے سے حالات بہتر ہوں گے اور معیشت بہتر ہو گی، صدر زرداری نے لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال بہتر بنانے کا کہا ہے، صدر نے سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ محسن نقوی سے نیاز اسٹیڈیم کے لیے بات ہوئی ہے، وہ تیار ہیں، حیدرآباد اور سکھر میں بھی ایک اسٹیڈیم بن رہا ہے، ہم نے کہا تھا گندم کے ریٹ عالمی ریٹ کے حساب سے رکھیں گے، اس بار گندم کا مسئلہ ہے اور نگراں حکومت نے باہر سے گندم درآمد کی۔