سلمان خان کی زندگی بخشنے کیلئے لارنس بشنوئی نے بڑی شرط رکھ دی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی جان بخشنے کے لیے گینگسٹر لارنس بشنوئی کمیونٹی نے اہم شرط رکھ دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران گینگسٹر لارنس بشنوئی سے معافی مانگی تھی۔
سومی علی نے کہا تھا کہ کالے ہرن کے شکار کے واقعے کو کئی سال گزر چکے ہیں، اُس وقت سلمان خان کی عُمر بھی کم تھی، اُن سے انجانے میں غلطی ہوگئی تھی لہٰذا میں بشنوئی گینگ کے سربراہ سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ اس واقعے کو بھول جائیں، میں سلمان خان کی طرف سے معافی مانگ رہی ہوں۔
اُنہوں نے بشنوئی گینگ سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلمان خان کو معاف کردیں کیونکہ اس طرح کسی بھی انسان کی جان لینا یا قتل کی دھمکیاں دینا ناقابلِ قبول ہے، سلمان خان کو قتل کرنے یا نقصان پہنچانے سے کالے ہرن واپس نہیں آجائیں گے، اگر آپ انصاف چاہتے ہیں تو عدالت جائیں۔
سومی علی کے معافی نامے کے بعد بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے اہم بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے سلمان خان کی زندگی بخشنے کے لیے اپنی شرط بتائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیویندر بودیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سومی علی کی طرف سے مانگی گئی معافی کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ قصوروار سومی علی نہیں بلکہ سلمان خان ہیں۔
دیویندر بودیا نے کہا کہ اگر سلمان خان خود آکر ہم سے اپنی غلطی کی معافی مانگ لیں گے تو ہم اُنہیں معاف کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں اور اداکار ہمیں یہ بھی یقین دہانی کروائیں کہ وہ مستقبل میں دوبارہ ایسی کوئی غلطی نہیں کریں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سلمان خان اپنی معافی کے ساتھ ہمیں اس بات کا یقین بھی دلائیں گے کہ وہ ہمیشہ جنگلی حیات و ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے سال 1998 میں راجستھان کے شہر جودھ پور میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اجازت نہ ہونے کے باوجود نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔
اس کیس میں سلمان خان کو سال 2018 میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی لیکن کچھ عرصے بعد اداکار کو ضمانت مل گئی تھی۔
انہی نایاب کالے ہرن کے شکار کی وجہ سے لارنس بشنوئی گینگ اتنے سالوں سے سلمان خان کے پیچھے پڑا ہوا ہے، گینگسٹر کی جانب سے کئی بار اداکار کو قتل کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔
گزشتہ ماہ اپریل لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ بھی کروائی تھی جس کے بعد اداکار اور اُن کے اہلخانہ پر خوف طاری ہوگیا تھا۔
سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کیس میں پولیس نے اب تک چھ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔