بلوچستان میں مون سون سے قبل حفاظتی اقدامات کا جائزہ، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی ڈی ایم سی کا اہم اجلاس

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن (PDMC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون کنٹیجنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مون سون سیزن کی آمد سے قبل ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو وسائل، استعداد اور رسپانس پلان مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور ادارے کے محکمہ جاتی امور اور اہم انتظامی فیصلوں کی توثیق و منظوری دی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف سرگرمیوں میں شفافیت، تیاری اور فوری ردعمل کو ترجیح دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح بروقت ریلیف، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور تیاری کو بھی ناگزیر قرار دیا۔