پاکستان لٹریچر فیسٹول میں ماہرہ خان پر حملہ، ویڈیو وائرل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان پر فیسٹول کے دوران شائقین کی جانب سے نامعلوم چیز پھینکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حال ہی میں ماہرہ خان بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) کی جانب سے منعقد کیے گئے پاکستان لٹریچر فیسٹیول (پی ایل ایف) میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں۔
اس فیسٹول کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ماہرہ خان اسٹیج پر فلمساز وجاہت رؤف کے ساتھ گفتگو میں مصروف ہوتی ہیں۔
اسی دوران شائقین کی جانب سے ماہرہ خان پر کوئی نامعلوم چیز پھینکی جاتی ہے تو اداکارہ بولتے بولتے رُک جاتی ہیں اور پھر چونکتے ہوئے حیرانی کا اظہار کرتی ہیں۔
ماہرہ خان اپنی تقریر روکتی ہیں اور پھر شائقین سے شکوہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ اُن کی طرف نامعلوم چیزیں پھینکی جارہی ہیں۔
اس واقعے کے بعد، جب شائقین نے ماہرہ خان سے اُن کی کسی بھی فلم کا مشہور ڈائیلاگ سُنانے کے لیے اصرار کیا تو اداکارہ نے صاف انکار کردیا۔
بعدازاں، ماہرہ خان نے اپنی تقریر کے اختتام پر اپنے مداحوں کے لیے اپنی سُپر ہٹ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کا ڈائیلاگ ‘وے مولیا’ بول کر سب کو خوش کردیا۔
واضح رہے کہ شائقین کی جانب سے ماہرہ خان پر پھینکی گئی چیز نظر نہیں آئی لیکن ویڈیو میں اس کی آواز سُنی جاسکتی ہے۔