جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،مریم نواز


وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر واڈامتسوہیرو کی ملاقات
لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر واڈامتسو ہیرو نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں تجارت ۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ لیا گیا۔ طلبہ کے فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق ہوا۔
مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب اور جاپان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتراک کار کر سکتے ہیں۔ پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفید مواقع موجود ہیں ۔
جاپانی سفیر کا کہنا تھا جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراکِ کار کے لیے پُرعزم ہیں۔