پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پولیس نے اسلام آباد کے رہائشی سیکٹر جی 8 فور میں واقع تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کو بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کے الزامات کے تحت سیل کردیا ہے جبکہ اس دوران کارِ سرکار کی مزاحمت پر رہنما پی ٹی آئی عامر مغل کو گرفتار کرلیا ہے۔
‏پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹریٹ کو سیل اور تجاوزات کے خلاف گزاشتہ رات آپریشن کے وقت مزاحمت پر عامر مغل کو گرفتار کرکے تھانہ کراچی کمپنی کے انسپکٹر عمر حیات کی مدعیت میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی رہنما عامر مسعود مغل کی قیادت میں 20 پچیس لوگوں نے پولیس اور سی ڈی اے کی ٹیم پر حملہ کیا اور ہوائی فائرنگ کرتے رہے، پولیس نے عامر مغل کو قابو میں کرلیا جبکہ باقی افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ میں کیا ہوا؟
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ان کے مرکزی دفتر پر پولیس نے چھاپہ مار کر سیل کردیا ہے، دوسری جانب سی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق سیکٹر G-8/4 میں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اورغیرقانونی تعمیرات کو ختم کیا گیاہے۔
سی ڈی اے کا موقف
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کے نام الاٹ ہے جہاں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا، مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئیں اور ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔
حکام نے کہا کہ پلاٹ مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جسے متعدد بار خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹسسز بھی جاری کیے جا چکے تھے، اس ضمن میں ایک نو ٹس 19نومبر 2020، ایک 22 فروری 2021 اور ایک اور 14 جون 2022 کو جاری کیا گیا جبکہ 4 ستمبر 2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے مہم بلا تفریق شہر بھر میں جاری رہے گی۔