پشاور: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 13 افراد ہلاک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پشاور میں چند گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں 16 افراد قتل ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
پشاور پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں چچا زاد بھائیوں نے جائیداد کے تنازعے پر ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس سے 8 افراد موقع پر ہی دم توڑگئے، جبکہ ایک زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہوسکا، قتل ہونے والوں میں 5 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔
ایک اور واقعہ بڈھ بیر میں ہی پیش آیا، زمینی تنازعے پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
پشاور پولیس کے مطابق علاقہ پشتخرہ میں مبینہ سابقہ دشمنی پر ایک فریق نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد کی جان کی بازی ہار گئے۔
پشاور کے نواحی علاقہ شیخ محمدی میں کھیتوں کو پانی دینے کے تنازعے پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس سے ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پشاور ہی کے علاقے ریگی للمہ کے علاقے میں برساتی نالے سے 3 گمشدہ بچوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں، جاں بحق بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال ہیں، ورثا نے تینوں بچوں کی گمشدگی رپورٹ تھانا ناصرباغ میں درج کروائی تھی۔
لواحقین کے مطابق بچے کھیلنے کے لیے گھر سے نکلے تھے، اگلی صبح بچوں کی لاشیں انہیں برساتی نالے سے ملیں۔
پولیس کے مطابق پشاور ہی کے علاقے سفید ڈھیری میں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔