پیپلزپارٹی تحریک انصاف کے ساتھ زیادتیوں پر کیوں بات نہیں کرتی؟ اسد قیصر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پیپلز پارٹی سے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ زیادتیوں پر کیوں بات نہیں کرتی؟ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنا ڈبل اسٹینڈرڈ ختم کرے، پیپلزپارٹی کیوں تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر بات نہیں کرتی؟
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بنانا ریپبلک تو بنالیا ہے اب انارکی کی طرف لے جارہے ہیں، بندوق کے زور پر ملک نہیں چلایا جاسکتا، ہم صرف لیڈر کے احکامات کو مان رہے ہیں، ہمیں کہا گیا آپ نے این او سی کے بغیر جلسہ نہیں کرنا، ہم بانی چیئرمین سے مشورہ کریں گے اگر اگلی بار این او سی نہیں ملا تو ہم ضرور نکلیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلایا جائے، ہم ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ٹیکس بجٹ کو کسی صورت نہیں مانتے ، ہم ڈٹے ہوئے ہیں، نہ ڈریں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔