قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کی جانب سے نئی گاڑیاں دینے کا مطالبہ مسترد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کی جانب سے نئی گاڑیاں دینے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ متعدد چیئرمینوں نے دی گئی گاڑیاں پرانی اور ناکارہ ہونے کی شکایات کی تھیں۔
اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پرانی گاڑیاں ہی ٹھیک کراکے چیئرمینوں کو دینے کی ہدایت کردی۔ واضح کیا کہ معاشی حالات نئی گاڑیاں خریدنے کی گنجائش نہیں دیتے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کو کہا کہ آپ کو دی گئی گاڑیاں2017ء اور 2019ء ماڈل کی ہیں جبکہ میرے زیراستعمال گاڑی بھی 2015ء ماڈل کی ہے، اتنے فنڈز نہیں ہیں کہ نئی گاڑیاں خریدی جائیں۔
ایاز صادق کا مؤقف ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگارکھی ہے، وزارت خزانہ نے بھی نئی گاڑیوں کے لئے فنڈز دینے سے انکار کردیا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے حکم پر خرابیاں دور کرادی ہیں، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیاں پرانی ہونے کے باوجود قابل استعمال ہیں۔