کراچی (قدرت روزنامہ) صارفین کی نمائندہ تنظیم کیپ نے صارفین کے ریلیف کے لیے حکومت کو 15نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے آئی پی پیز کو صرف انکی پیداوار کے تناسب سے ادائیگیاں کرکے فی یونٹ پاور ٹیرف میں 25روپے کی فوری کمی کا مطالبہ کردیا .
کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ کوکب اقبال نے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں کہا ہے کہ صارفین کو اضافی مالیاتی بوجھ سے تحفظ دینے کے لیے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں پر قومی سلامتی کے تناظر میں نظر ثانی کی جائے .
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافے سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہورہے ہیں .
چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کو ہدایت کرے کہ وہ عوام کو سولر پینل کی خریداری کےلئے بلا سود آسان اقساط پر قرضے فراہم کرے تاکہ قدرتی وسائل سے بجلی حاصل کرکے پاکستان کے صارفین کو کم قیمت پر بجلی دستیاب ہو .
چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کے مطابق حکومت معاشی حالات کی بہتر تک مثالی انداز میں سادگی اختیار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں کام کرنے والے افسران اور عملے کو بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی جانے والی مراعات فوری طور پر واپس لے . ایوان صدر،وزیر اعظم ہاﺅس، اور صوبوں کے وزرائےاعلیٰ ہاﺅس اور گورنر ہاﺅس سمیت دیگر وزراء کو ملنے والی مراعات اور شاہانہ اخراجات میں نمایاں کمی کی جائے .
چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں مطالبہ کیا گیا کہ کم آمدنی اور تنخواہ دار طبقے پر بالواسطہ ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اشرافیہ کے ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے . ڈیری سمیت اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکس ختم کیا جائے، گوشت کی قیمت غریب اور متوسط طبقہ کی دسترس میں لائی جائے . دالوں کی قیمتیں 80 سے 100 روپے تک محدود کرتے ہوئےآٹا چاول ودیگر اہم اجناس کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے مطلوبہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں .