جماعت اسلامی نے 10 مطالبات ہمارے سامنے رکھے ہیں، وزیراطلاعات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے وفد کی باتوں سے ہم متفق ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے ریلیف کے لیے کام کیا جائے اور دن رات کام ہورہا ہے .
جماعت اسلامی کے وفد سے مذاکرات کے بعد انجینیئر امیر مقام اور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بہت ہی اچھے اور خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے دس مطالبات کی فہرست ہمارے سامنے رکھی ہے، جس میں سے زیادہ مطالبات بجلی سے متعلق ہیں .


وفاقی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کی باتوں سے ہم متفق ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے ریلیف کے لیے کام کیا جائے اور دن رات کام ہورہا ہے . انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے 35 ارکان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے .
عطاتارڑ نے کہا کہ حکومت کے اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے . انہوں نے کہا کہ نجکاری سے، ایف بی آر کی ڈیجیٹیلائزیشن اور معاشی اصلاحات سے مالیاتی گنجائش پیدا ہوگی اورعوام تک ریلیف منتقل کیا جائے گا .
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہوئی تو عوام کو ریلیف دیا جائے گا . ان حالات کو بہتر کرنے میں حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی . دوست ممالک سے جو سرمایہ کاری آئے گی اس سے بہتری آئے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے .
عطا تارڑ نے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں وزیر پانی وبجالی، سیکریٹری توانائی، ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے نمائندے کو شامل کیا گیا ہے .
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کل اگلے دور کا آغاز ہو جائے اور معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں . انجنیئر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیکنیکل کمیٹی کل جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کرے گی، ہماری کوشش ہے کہ ملک کو چلایا جائے .

. .

متعلقہ خبریں