سوشل میڈیا پر دوستی، پاکستانی لڑکی نے سرحد پار بھارتی نوجوان سے شادی کرلی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد پاکستانی لڑکی نے سرحد پار کرکے بھارتی نوجوان سے شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیس بک پر دوستی کے بعد مہوش نامی 25 سالہ پاکستانی لڑکی نے بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے بیکانیر کے نوجوان رحمان سے شادی کرلی۔
پاکستانی لڑکی مہوش اسلام آباد میں بیوٹی پارلر چلاتی تھیں جبکہ بھارتی لڑکا رحمان کویت میں ٹرانسپورٹر کا کام کرتا تھا، دونوں سوشل میڈیا پر دوست بنے اور پھر شادی کرلی۔
مہوش کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بہن اور بہنوئی سے مشورہ کرنے کے بعد مارچ 2022 میں رحمان کو شادی کیلئے پرپوز کیا تھا جس کے تین روز بعد دونوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نکاح کر لیا تھا، بعد ازاں 2023 میں عمرہ کرنے کیلئے دونوں سعودی عرب گئے اور وہاں انہوں نے مکہ مکرمہ میں باضابطہ شادی کرلی۔
دونوں نے اپنے شادی کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا اور اہل خانہ کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ہی ان کی شادی کا علم ہوا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہوش 25 جولائی کو اپنے خاندان کے ہمراہ اسلام آباد سے واہگہ بارڈر پہنچیں اور 45 روزہ ٹؤرسٹ ویزا پر بھارت میں داخل ہوئیں، جہاں رحمان کے خاندان نے ان کا استقبال کیا اور انہیں راجستھان میں اپنے گاؤں پتھیسر لے آئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہوش کے بھارتی ریاست راجستھان پہنچے کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ان سے متعلق تحقیقات شروع کردیں اور مقامی پولیس کی جانب سے بھی ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2006 میں مہوش کی شادی بادامی باغ کے رہائشی شخص سے ہوئی جس سے ان کے دو بیٹے ہیں بعد ازاں 2018 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی اور ان کے سابق شوہر نے دوسری شادی کرلی تھی۔
دوسری جانب رحمان نے 2011 میں فریدہ نامی خاتون سے نکاح کیا جس سے ان کے 2 بچے ہیں، میاں بیوی کے درمیان تعلقات خراب ہونے کے باعث ان کی اہلیہ اپنے والدین کے پاس رہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رحمان کی دوسری شادی کا علم ہونے کے بعد ان کی پہلی بیوی فریدہ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں مہوش پر ممکنہ طور پر جاسوس ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے شادی کیخلاف درخواست دائر کروادی ہے۔
فریدہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے ابھی تک انہیں طلاق بھی نہیں دی اس لیے ان کی دوسری شادی غیرقانونی ہے اور وہ اس کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کیلئے تیارہیں۔