پاکستان کا تحفظ، تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے، نواب ثنا اللہ زہری


خضدار(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے 14 اگست کے موقع پر قوم کے نام پر اپنے جاری پیغام میں اہل وطن اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان اللہ پاک کی دی ہوئی ایک عظیم نعمت ہے، یہ ملک ہمارے آباﺅ اجداد نے بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا، محمد علی جناح اور دیگر اکابرین کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، مملکت خداداد پاکستان کا تحفظ، تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے، آزادی ایک بڑی نعمت ہے جو قومیں اس عظیم نعمت سے محروم ہیں وہ آزادی کی قدر جانتی ہیں، نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر ہمیں اپنے شہدا اور سیکورٹی کے اداروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک وطن عزیز کے دفاع دہشت گردی کے خاتمہ اور امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانے پیش کیے ہیں، جشن آزادی کی خوشیوں میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو بھی شامل کرنا چاہیے، وہ کئی دہائیوں سے آزادی حاصل کرنے کے لیے بھارتی ظلم و ستم جبر استبداد کا شکار ہے، 14 اگست کا دن تجدید عہد کا دن ہے، آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان سے نا انصافی کرپشن، دہشت گردی، لاقانونیت کا خاتمہ کرکے پاکستان کو ایک خوشحال اور فلاحی مملکت بنائیں گے، جہاں غریب اور امیر کا کوئی فرق نہیں ہوگا، انصاف اور مساوات پر مبنی نظام میں پاکستان کے تمام مسائل کا حل موجود ہیں، آیئے ملکر اپنے قومی آزادی پر خوب جشن منائیں اور اپنے ملک کی 77 ویں یوم آزادی پر عہد کریں کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی امن اومان اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عملی کرداد ادا کریں گے۔