ملک میں رواں ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 9 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا، پیاز فی کلو 9 روپے، دال چنا 8 روپے، لہسن 10 روپے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 15 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ، آلو، ٹوٹا باسمتی چاول، گھی، نمک، مٹن اور بیف مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
حالیہ ہفتے زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے، فی درجن انڈے 3 روپے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فی کلو قیمت میں 16 روپے اور دال ماش کی فی کلو قیمت میں بھی 3 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں تسلسل کے ساتھ کمی کا رجحان جاری ہے تاہم مہنگائی کی شرح میں کمی کی رفتار بہت سست ہے۔ حالیہ ہفتے بھی ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.62 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح 16.69 فیصد سے کم ہوکر 15.34 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.16 فیصد اضافے کے ساتھ 9.78 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.11 فیصد اضافے کے ساتھ 14.04 فیصد رہی۔
اسسی طرح، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.64 فیصد کمی کے ساتھ 17.92 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.86 فیصد کمی کے ساتھ 15.42 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.58 فیصد کمی کے ساتھ 14.48 فیصد رہی ہے۔