پانچ روز گزر گئے،خیبرپختونخوا کابینہ میں تبدیلی کی سمری پر گورنر نے دستخط نہ کیے
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل اور تقرری کی سمری کو پانچ روز گزرنے کے باوجود سمری پر اب تک گورنر نے نہ زبانی منظوری دی اور نہ ہی دستخط کیے۔
ذرائع کے مطابق گورنر کے پی 2 ستمبر تک پنجاب کے دورے پر ہیں، سمری پر دستخط نہ ہونے کا سبب گورنر کے پی کی صوبے میں عدم موجودگی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل گورنر شہر سے باہر ہونے کی صورت میں زبانی منظوری دے دیا کرتے تھے جبکہ ماضی میں گورنر کے شہر یا ملک سے باہر ہونے کی صورت میں سمریاں منظوری کیلئے اسکین کرکے بھیجی جاتی رہی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ایک مشیر اور چار معاونین خصوصی کی تقرری کی سمری گورنر خیبر پختونخوا کو بھیجی تھی جو انہیں 26 اگست کو موصول ہوئی تھی۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ روزانہ ٹافیوں کی طرح وزارتیں بانٹتے ہیں، وزیراعلیٰ کو جلدی ہے لیکن انہیں کوئی جلدی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور واپس آکر سمری دیکھ کر دستخط کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی نے احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی، سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایوں خان کو بطور معاونین خصوصی کابینہ میں شامل کرنے کی سمری گورنر کے پی کو بھیجی تھی۔