حکومتی وفد مجھے قائل کرنے میں ناکام رہا، اختر مینگل کا استعفیٰ واپس لینے سے انکار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ میرا قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومتی وفد مجھے قائل کرنے کی کوشش کررہا تھا، لیکن لگتا ہے کہ میں نے انہیں قائل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے ہر حکومت میں بلوچستان کا مسئلہ اٹھایا، لیکن حکومت صوبے کے مسائل کو سمجھ نہیں پارہی۔
اختر مینگل نے کہاکہ ہم ریاست اور بلوچستان کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے تھے، لیکن بلوچستان اور ریاست کے درمیان بڑے پلوں کو واہ فیکٹری کے بارود سے اڑا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے، اس لیے مستعفی ہورہے ہیں۔
اختر مینگل کے استعفیٰ پر آج حکومتی وفد نے ان سے ملاقات کی، جس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ ہم نے اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اختر مینگل وہ شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بلوچستان کے حقوق کی بات کی، وہ اسی طرح اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔