حجاب کا مطلب صرف سر چھپانا نہیں، زرنش نے جو کیا انہیں سلام پیش کرتی ہوں: نمرہ خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ زرنش خان کے حجاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہےکہ لوگوں کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ حجاب کا کیا مطلب ہوتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے اغوا سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
نمرہ خان نے کہا کہ پردے اور حجاب کا مطلب ہوتا ہےکہ جسم اور چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپنا، حجاب کا مقصد صرف بالوں اور چہرے کو آدھا چھپانا نہیں ہوتا، اللہ پاک ہمیں بھی توفیق دے، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ میں جو کررہی ہوں وہ ٹھیک ہے یا غلط، یہ سب میرا اور اللہ کا معاملہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جو حجاب کی طرف چلا جائے تو حجاب کا مطلب ہی یہی ہے کہ پردہ، میں اگر یوں آپ (کسی مرد) کے سامنے آؤں تو سر سے پیر تک ایسی کوئی چیز نہ ہو جو آپ کو اپنی جانب متوجہ کروائے، تو وہ صرف سر نہیں بلکہ آنکھوں سمیت ہر چیز کا پردہ ہوتا ہے۔
نمرہ نے سابقہ اداکارہ زرنش خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کیرئیر عروج پر تھا لیکن زرنش نے سب کچھ چھوڑ کر پردہ شروع کردیا، ایسا نہیں کہ وہ حجاب کرتے ہوئے بھی ریلز (مختصر ویڈیوز) شیئر کررہی ہیں۔
نمرہ خان نے مزید کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے خواتین اور نوجوان لڑکیاں حجاب کو بھی فیشن کے طور پر اپناتی ہیں، جینز پینٹ شرٹ پہننے کے بعد اوپر سے حجاب پہن لیتی ہیں، ایسی حجاب کرنے والی لڑکیاں میک اپ بھی کرتی ہیں، انہیں حجاب کا درست مطلب معلوم نہیں ہوتا، ایسے نہیں کیا جانا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں مانتی ہوں کچھ لوگوں کا یہ ذریعہ معاش ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے وہ پیسے کماتے ہیں لیکن زرنش نے مکمل طور پر سب کچھ ترک کیا، میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں اور ان کے فیصلے کی عزت کرتی ہوں کیونکہ بہت کم لوگوں میں یہ ہمت ہوتی ہے۔