’گرفتار نہ کریں میرا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے‘ پی ٹی آئی جلسے کے بعد خاتون کی ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون گاڑی میں بیٹھی ہیں اور وہ پولیس اہلکاروں سے کہتی ہیں کہ ان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، اس لیے انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین کی جانب سے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے یہ ویڈیو پوسٹ کی گئی اور کہا گیا کہ جب خاتون نے کہا کہ ان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے تو پولیس نے انہیں ہنستے ہوئے چھوڑ دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تماشا بنانے والوں کو عوام یاد رکھے گی۔
ایک صارف نے لکھا کہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی، مسلم لیگ ن کے گرد بھی گھیرا تنگ ہوگا۔
تحریک انصاف کے حامی ایک صارف کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے قانون کو بچوں کا کھیل سمجھ کے رکھا ہوا ہے۔
فریدون خان نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اصل میں پاکستان ایک جنگل ہے اور جنگل میں قانون نہیں طاقت ہوتی ہے اور پاکستان اس وقت طاقت کے زور پر چلایا جارہا ہے۔
واضح رہے پی ٹی آئی نے 8 ستمبر کو سنگجانی کے مقام پر جلسہ کیا تھا اس موقع پر حکومت کی جانب سے کنٹینر لگا کر اسلام آباد کو جگہ جگہ سے بلاک کیا گیا تھا۔ اور آج پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اور عامرمغل کی ہدایت پر روڈ بلاک کیا گیا اور پولیس پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا گیا۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 11 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔