ایجنسیوں کے ڈی جیز کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، عمر ایوب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے لوگوں کو اٹھانے پر ایجنسیوں کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کیے جانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کس نے لوگوں کو اٹھایا، یہ کوئی خلائی مخلوق تھی، دلیرانہ انداز میں لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ جمہوریت میں یہ چیز نہیں چل سکتی، بس ہوگئی ہے، اب ایجنسیز کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ڈی جیز کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کا ڈی جی تو پارلیمنٹ سے کسی کو نہیں اٹھوا سکتا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری طور پر ملاقات کے لیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی جمہوریت نہیں ہے، پارٹی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا، اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپنی ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آیا ہوں، ہماری پارلیمانی لیڈر دربدر پھر رہی ہیں، 9 مئی عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فالس فلیگ آپریشن جبکہ 9 ستمبر جمہوریت پر حملہ تھا،
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ عدالتیں سیاست سے آزاد ہونی چاہئیں، حکومت جو بل لانا چاہتی ہے اسے روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، بل کے ذریعے ایک شخص کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔