کراچی، پولیس وردی میں ملبوس افراد نے شہری کو اغوا کرکے تاوان وصول کرلیا


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں پولیس وردی میں ملبوس افراد کی جانب سے شہری کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن سے شہری کو اغوا کرکے ملزمان کی جانب سے 5 لاکھ روپے تاوان وصول کیا گیا، واقعہ کا مقدمہ متاثرہ شہری ندیم کی مدعیت میں تھانہ کورنگی صنعتی ایریا میں درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ شہری ندیم کے مطابق 15 ستمبرکی شب کار اور موٹرسائیکلوں پر سوار افراد نے ہوٹل سے انہیں اغوا کیا، اور مختلف جگہوں سے گاڑی میں گھماتے رہے اور 10 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاوان نہ دینے سے کی صورت میں مجھے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
درج مقدمہ میں مدعی نے بتایا کہ 5 لاکھ روپے پر معاملات طے ہوئے تو ملزمان نے رقم لینے کے لیے اہلخانہ کو ناتھا خان بلوایا، جہاں رقم وصول کرنے کے بعد کچھ فاصلے پر لے جا کر مجھے رہا کردیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید میمن کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس پی لانڈھی کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکار کس ضلع میں ہیں، اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔