اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالا دستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے . مولانا فضل الرحمان زیرک، مدبر اور دور اندیش سیاسی رہنما ہیں .
مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی نے اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے .
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے اور انہیں جے یو آئی کا بلا مقابلہ امیر منتخب ہونے پر اور مولانا عبدالغفور حیدری کو بلا مقابلہ سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور گلدستے پیش کیے .
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت اور پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات ہیں . مولانا فضل الرحمان سینئر ترین سیاستدان ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا بلند مقام ہے . وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا عبدالغفور حیدری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا .