وینا ملک کی زندگی میں آنے والا نیا مسٹری مین کون؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ و ماڈل وینا ملک آئے دن کسی نہ کسی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں لیکن آج کل ان کی خبروں میں آنے کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ محبت ہے۔
ان دنوں وینا ملک کا نام کسی اداکار و ماڈل کے ساتھ نہیں بلکہ ایک ٹک ٹاکر کے ساتھ گردش کر رہا ہے جو ان سے عمر میں 6 سال چھوٹے ہیں، دونوں کے درمیان تحفے تحائف دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے جو سوشل میڈیا پر دیکھا بھی جاسکتا ہے۔
وینا کے مداحوں سمیت سوشل میڈیا صارفین بھی قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ آخر یہ کیا ماجرا ہے؟ کیا اداکارہ و ماڈل واقعی کسی کے ساتھ نئے تعلق میں ہیں یا بس یہ سلسلہ سوشل میڈیا پر دکھاوے کے سوا کچھ بھی نہیں؟
وینا ملک نے ان اڑتی اڑتی خبروں پر خاموشی توڑی اور جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “عموما خواتین کبھی اپنے رازوں سے پردہ نہیں ہٹاتیں اور میں نے کافی وقت تک اس بات کو چھپا کر رکھا لیکن محبت و پیار کے تعلق پر اگر خبریں بنیں تو اس میں کیا بری بات ہے؟
وینا ملک نے اپنی زندگی میں محبت پر کئی دفعہ یقین کیا ہے اور سخت تجربات، اسکینڈلز اور تنقید کا بھی انہیں سامنا رہا البتہ پھر ایک تعلق قائم کرنا اور اس کا اقرار کرنا بلکہ نئے رشتے سے متعلق اچھی توقعات بھی رکھنا یہ یقینا ایک ایسا قدم ہے جسے اٹھاتے ہوئے بہت کچھ سوچنا پڑتا ہے۔
جیو ڈیجیٹل کے اس سوال پر کہ ماضی کے تلخ تجربات کے بعد نیا تعلق قائم کرتے ہوئے کیا کسی قسم کا ڈر محسوس کر رہی ہیں؟ اس پر ادکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ “میں ہمیشہ سے خود پر یقین رکھنے والی رہی ہوں لیکن زندگی میں تعلقات کے حوالے سے برے تجربات کا بھی سامنا کیا ہے، جنہوں نے مجھے کافی گہری چوٹ پہنچائی ہے، خود پر اور تقدیر پر سے بھروسہ کھبی نہیں ٹوٹا، میں آج بھی وہی انسان ہوں، ہمیشہ زندگی میں مثبت سوچ رکھی ہے اور میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے”۔
ادکارہ نے مزید کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ اس بار انہیں اپنے اس نئے تعلق پر مداحوں سمیت پاکستانی عوام کی جانب سے تنقید کے بجائے محبت و احترام ملے گا اور یہ کہ زندگی میں جو بھی کچھ ہوتا ہے کسی نہ کسی وجہ سے ہوتا ہے۔
انہوں نے بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی شخصیت کے ایک رخ پر کھبی بات نہیں کی وہ یہ کہ میرا روحانی تعلق بڑا مضبوط ہے اور اچھا ہو یا برا، میں تقدیر پر یقین رکھنے والوں میں سے ہوں۔
وینا ملک کا “مسٹری مین” کون ہے؟
جہاں تک بات ان کے ساتھی کی ہے تو اب تک اداکارہ کے فینز ان کے شہزادے کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہینڈل ہی جانتے ہیں، وہ ٹک ٹاک پر وڈیو کانٹینٹ بھی بناتے ہیں البتہ شہریار چوہدری نامی وینا کے پرنس کا چہرہ اب تک کسی نے نہیں دیکھا، وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہوکر بھی سب کی نظروں سے اوجھل ہیں جبکہ وہ پیشے کے اعتبار سے بزنس مین اور انٹرپرینئر ہیں۔
جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں شہریار چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے، میں اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتا ہوں، اسی لیے میری پروفائلز پر میری تصویر بھی نظر نہیں آتی۔
وینا ملک کے ساتھ ان کے تعلق سے متعلق شہریار نے کہا کہ ان کا تعلق کافی گہرہ ہے اور دونوں ہی باہمی فیصلے سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کی عزت بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ابتداء میں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ہماری قربت کو عوامی توجہ ملے گی لیکن مجھے کسی بات کی پرواہ نہیں ہے، میرے لیے وینا کا ماضی ہمارے تعلقات کی بنیاد نہیں، بلکہ موجودہ تعلق اہمیت رکھتا ہے”۔
وینا ملک سے جڑی متنازع باتوں سے متعلق شہریار چوہدری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر شخص عزت اور احترام کا حق رکھتا ہے، ہمارا رشتہ اس بات سے بالاتر ہے کہ میڈیا میں وینا کے متعلق کیا خبریں گردش کرتی رہی ہیں اور کیا گردش کررہی ہیں۔
جیو ڈیجیٹل کے اس سوال پر کہ اس نئے تعلق کا مستقبل کیسا دیکھتے ہیں؟ دونوں شخصیات نے فی الحال خاموشی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ وینا ملک کو ماضی میں بھی مختلف متنازع چیزوں کی وجہ سے سخت سماجی رد عمل کا سامنا رہا ہے۔