آئینی ترامیم کی منظوری: بلاول کی وزیراعظم اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم کی منظوری کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل تھے۔
دریں اثنا بلاول بھٹو زراری وہاں سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش پہنچے جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ وہ آج صبح ہی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
بلاول کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سےملاقات کی تھی اور آئینی ترامیم پر بات کی تھی۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، پہلی ملاقات کے وقت کل پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے موجود تھا جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا تھا۔