کھیل

نوجوان کرکٹر عرفان نیازی آسٹریلیا کے خلاف میچ سے ون ڈے کیئریئر کا آغاز کرنے کے لیے پُرجوش


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی عرفان خان نیازی کل آسٹریلیا کے خلاف میچ سے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور وہ بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش اور پُرامید بھی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹ کی دنیا کی ٹاپ ٹیم کے خلاف ڈیبیو کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔
عرفان نیازی نے کہاکہ انہوں نے اسکول کی سطح سے کرکٹ کا آغاز کیا اور انہیں کھیل کا بہت شوق تھا۔ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرا خواب اور عزم رہا۔
انہوں نے کہاکہ جب وہ انڈر 19 کرکٹ کھیل رہے تھے تو ان کے کوچ تنویر شوکت نے انہیں ایک کاغذ دے کر اپنے خواب لکھنے کو کہا۔
میں نے لکھا کہ ریجنل انڈر 19، انڈر 19 ورلڈ کپ، پی ایس ایل اور پھر پاکستان کی قومی ٹیم میں کھیلنا چاہتا ہوں، اور آج وہ خواب حقیقت میں بدلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں‘
عرفان نیازی نے کہاکہ میری فیملی نے ہمیشہ میرے خواب کی حمایت کی، میں نے کرکٹ کے لیے اپنا گھر بار چھوڑ کر فیصل آباد میں قیام کیا، اور 6،6 ماہ تک گھر نہیں جا پاتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ وننگ اننگز کھیلوں اور پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرسکوں۔
واضح رہے کہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کرکٹر عرفان نیازی کل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں ڈیبیو کریں گے، انہیں پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں