سندھ اسمبلی؛ ہائی کورٹس میں آئینی بینچز کی تشکیل کی قرارداد منظور
پی پی اور ایم کیو ایم کے ارکان نے کھڑے ہوکر حق میں ووٹ دیا، جماعت اسلامی اور سنی ا تحاد کونسل کی مخالفت
کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 202 اے کے تحت ہائی کورٹس میں آئینی بینچز کی تشکیل کی قرارداد منظور کرلی۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کی جانب سے سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اراکین نے کھڑے ہوکر حق میں ووٹ کیا۔ ہائی کورٹس میں آئینی بینچز کی تشکیل سے متعلق قرارداد کے حق میں 123 اراکین نے ووٹ دیا۔
جماعت اسلامی کے فاروق احمد اور سنی اتحاد کونسل کے 4 ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی۔
صوبائی وزیر ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 202 اے میں سب کلاز 6 کے تحت قرارداد لانا ضروری تھا، یہ آئینی تقاضا ہے۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔