ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج کرسٹل اور آئس کا نشہ ہے، شرجیل میمن


ملک میں منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے ایلیٹ طبقے میں اسے فیشن سمجھا جاتا ہے، سینئر صوبائی وزیر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج کرسٹل اور آئس کا نشہ ہے جو کہ چھوٹے چھوٹے علاقوں تک جاپہنچا ہے۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کے لیے سب سے اہم چیلنج ہے، منشیات ہمارے معاشرے کو خراب کررہی ہے، منشیات کا استعمال ملک میں بڑھ رہا ہے ایلیٹ طبقے میں اسے فیشن سمجھا جاتا ہے ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج کرسٹل اور آئس کا نشہ ہے جو کہ چھوٹے چھوٹے علاقوں تک جاپہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایوان نے نارکوٹکس کا قانون پاس کیا، یہ کریڈٹ تمام جماعتوں کو جاتا ہے، اس پر آپ سب لوگ سنجیدہ ہیں میں سمجھتا ہوں کہ اس پر اپوزیشن نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے اور میڈیا کا بھی فرض ہے کہ جہاں جہاں منشیات چل رہی آپ بتائیں۔
انہوں نے ایوان کے ایک رکن کا نام لیا اور کہا کہ سجاد بھائی نے بتایا کہ اوپر اسپتال ہے نیچے منشیات فروخت ہورہی ہے، میں اس اجلاس کے بعد آپ کے ساتھ وہاں چلوں گا پوری ٹیم کے ساتھ اور دیکھتے ہیں اب کون منشیات فروخت کرے گا، ہم سب پر منشیات کو روکنا فرض ہے تعلیمی اداروں میں والدین اپنے بچوں پر دھیان دیں۔