پاک سوزوکی اب کوئی گاڑی مقبول ترین گریفائٹ گرے رنگ میں نہیں لائے گی، وجہ کیا ہوسکتی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی نے اپنی گاڑیوں کے تمام ماڈلز کے لیے گریفائٹ گرے کلر آپشن کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جو یکم نومبر 2024 سے لاگو ہوچکا۔
پاک سوزوکی نے اپنے ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس رنگ میں گاڑیوں کے نئے آرڈرز کو قبول کرنا چھوڑ دیں تاہم کمپنی نے حالیہ اقدام کی وجہ نہیں بتائی ہے۔
کیا وجہ ہو سکتی ہے؟
پاک سوزوکی کے اس اقدام کی وجوہات میں سپلائی چین کی رکاوٹیں، صارفین کی ترجیحات میں تبدیلی، لاگت پر غور، پیداواری کارکردگی، برانڈنگ کی حکمت عملی، ریگولیٹری تعمیل یا خاص طور پر لاگت پر غور شامل ہوسکتے ہیں۔
بعض رنگوں کے لیے پیداواری عمل دوسروں سے زیادہ مہنگا ہو سکتا ہے۔ کم مقبول رنگوں کو بند کرنے سے اخراجات کو کم کرنے اور منافع کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ مزید برآں دستیاب رنگوں کی تعداد کو کم کرنے سے مینوفیکچرنگ کے عمل اور انوینٹری کے انتظام کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔
کم رنگوں میں گاڑیاں بنانا کم پیداواری لاگت اور بہتر کارکردگی کا باعث بن سکتی ہیں۔
گاہک کی ترجیح
گاڑیوں کے لیے کسٹمر کی ترجیحات کے حوالے میں وقت کے ساتھ ساتھ اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن گریفائٹ گرے سوزوکی کے صارفین میں ایک مقبول رنگ تھا جس کے بند ہونے نے سوالات اٹھادیے ہیں۔
برانڈنگ کی حکمت عملی
کار ساز وقتاً فوقتاً اپنی برانڈنگ اور مصنوعات کو ریفریش کرتے ہیں۔ رنگ کے آپشن کو ہٹانا برانڈ کی شبیہہ کو بڑھانے یا نئے، جدید رنگوں کو متعارف کرانے کے لیے ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہو سکتا ہے۔
سوزوکی نے ڈیلرز پر زور دیا ہے کہ وہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور گریفائٹ گرے میں گاڑیوں کے آرڈرز قبول کرنے سے گریز کریں۔ سوزوکی گاڑی خریدنے میں دلچسپی رکھنے والے صارفین کو اب دستیاب رنگوں میں سے ہی انتخاب کرنا ہوگا۔
اب دیکھنا ہے کہ کمپنی مستقبل میں کون سے نئے رنگ اور ڈیزائن متعارف کراتی ہے۔