’میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں‘، لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج میں ملوث فرد نے معافی مانگ لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شامل ایک پاکستانی شہری نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ اس کا پی ٹی آئی سے اب کوئی تعلق نہیں ہے .
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہری نعمان علی نے کہا، ’میں 29 اکتوبر کو مڈل ٹیمپل ہال کے باہر سے گزر رہا تھا، وہاں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی آئی، وہاں اور لوگ بھی جمع تھے، میں نے وہاں پرامن احتجاج کیا، جو واقعہ پیش آیا میں اس پر شرمندہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں .


نعمان علی نے اعلان کیا کہ اب میں دوبارہ کبھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل نہیں ہوں گا، میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے .
واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا تھا، اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا .
تاہم، سابق چیف جسٹس کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور گو قاضی گو کے نعرے بھی لگائے . مظاہرین میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور ملیکہ بخاری بھی شریک تھیں .
واقعہ کے خلاف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا تھا .
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سلسلے میں نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی جلد از جلد نشاندہی کی جائے .
دوسری جانب، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو برطانیہ میں ہراساں کرنے کے معاملے پر وزارت خارجہ نے بھی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں . اس حوالے سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے .

. .

متعلقہ خبریں