دھرنے اور احتجاج سے عوام کو تکلیف ہورہی ہے، اگر دھرنا دینے سے بچہ بازیاب ہو سکتا تو ہم سب دھرنے میں جا کر بیٹھ جاتے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دھرنے اور احتجاج سے عوام کو تکلیف ہو رہی ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایک صوبے سے وفاق پر چڑھائی کرنا مناسب نہیں ہے، اس طرح کا انتشار لمحۂ فکریہ اور قابلِ مذمت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیوٹی کے جو مسائل ہم حل کر سکتے ہیں وہ آج ہی حل کرنے کی کوشش کریں گے، بزنس کمیونٹی کے وفاق سے متعلق مسائل پر ان سے بات کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن و امان کی مجموعی صورتِ حال پر وزیرِاعظم سے بات چیت ہوئی ہے جو قانونی طور پر تجارت کرتے ہیں اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کو قانونی تجارت کا نام نہیں دیا جا سکتا، اسمگلنگ سے انفرادی لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کریں گے، ہم تاجر اور کاروباری افراد کی آواز بنیں گے، اپنی جائز بات منوائیں گے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بچے کا اغواء بہت دکھ اور افسوس کی بات ہے، اگر دھرنا دینے سے بچہ بازیاب ہو سکتا تو ہم سب دھرنے میں جا کر بیٹھ جاتے۔