ڈاکٹروں کی غفلت، آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں قینچی رہ گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت میں ڈاکٹروں کی غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں آپریشن کے دوران قینچی خاتون کے پیٹ میں رہ گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت کرنے والی خاتون کے سی ٹی اسکین میں اس کے پیٹ میں قینچی پائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 44 سالہ کملابائی نے 2 سال قبل گوالیار کے ایک اسپتال میں معدے کی سرجری کروائی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل پیٹ کے شدید درد کی شکایت کر رہی تھیں۔ جس کے لیے انہوں نے کئی ادویات بھی لیں لیکن درد ہر دن گرنے کے ساتھ بڑھتا گیا۔
تاہم گزشتہ دنوں ڈاکٹروں نے کملا بائی کے پیٹ کا سی ٹی اسکین کروانے کا مشورہ دیا۔
سی ٹی اسکین کی رپورٹ نے طبی عملے سمیت سب کو حیرت میں ڈال دیا کیونکہ اس میں خاتون کے پیٹ میں ایک قینچی پائی گئی۔
شبہ ہے کہ 2 سال قبل کی گئی سرجری کے دوران ڈاکٹروں نے غلطی سے قینچی اندر چھوڑ دی اور پیٹ کے ٹانکے لگا دیے۔
کملابائی کے اہل خانہ نے غفلت برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلعی اسپتال کے حکام نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل رپورٹ تیار کریں گے اور اسے اعلیٰ حکام کو بھیجیں گےجبکہ خاتون کی سرجری کرکے قینچی نکالی جائے گی۔