سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی شروع
اب تک 12ملزمان کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر حکومت اور ریاستی اداروں کے حوالے سے پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے سوشل میڈیا پر جعلی پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے اب تک 12ملزمان کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔
فیک نیوز اور پروپیگنڈا پھیلانے والے ملزمان میں میاں ذیشان ساجد، فہیم خان، محمد اویس، منوچئر، عزیز احمد، سعد عدنان خورشید، محمد اسد، ملک عصمت اللہ خان، عنایت اللہ، سلطان محمود خان، کلیم اللہ اور اورنگزیب شامل ہیں۔
ملزمان کا تعلق کراچی، سانگھڑ، کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ اور سوات سے ہے۔
تمام ملزمان سوشل میڈیا پر ہتک آمیز، بغاوت پر اُکسانے اور ریاستی اُمور میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ان اور دوسرے کئی ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔