پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی تعمیر 2 ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ
حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ کرنے کی خواہاں ہے، شرجیل میمن
کراچی(قدرت روزنامہ)حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی تعمیر دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز بس سروس کے 100 اسٹاپس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، باقی اسٹاپس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے،
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دو ماہ کے اندر جنوری 2025 تک باقی ماندہ 40 بس اسٹاپس پر بھی کام مکمل کرلیا جائے، حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ کرنے کی خواہاں ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے جدید ترین اسٹاپ بہت اہمیت کے حامل ہیں جو مسافروں کے لئے بیٹھنے کی بہترین جگہ اور موسم سے تحفظ فراہم کریں گے۔
اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سندھ بھر میں گاڑیوں کی لازمی فٹنس چیکنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا، شرجیل میمن نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانا روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ یقینی بنانے کے حوالے سے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو سخت اقدامات کی ہدایات کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہر سال گاڑیوں کی لازمی فٹنس چیکنگ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور فٹنس قوانین پر عمل نہ کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔