سونے کی فی تولہ قیمت میں 3100 روپے اضافہ
کراچی(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3100 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ قیمت 2 لاکھ 80 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ بین الاقوامی منڈی فی اونس قیمت میں 31 ڈالر اضافہ ہو گیا جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 2 ہزار 693 ڈالرز ہو گئی۔
چاندی کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد چاندی کی فی تولہ قیمت 3450 روپے ہوگئی۔دوسری جانب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 دسمبر سے مزید اضافے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل اور برطانوی برینٹ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی منڈی میں دس دن کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت میں 63 سینٹ کا اضافہ ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی 68 ڈالر 5 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
برطانوی برینٹ کی قیمت میں 73 سینٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برطانوی برینٹ کی ٹریڈ 71.85 ڈالر فی بیرل پر ہو رہی ہے۔ 15 دسمبر کو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا جائے گا، اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر حکومت حتمی فیصلہ کرے گی۔
دوسری جانب بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیا ساتھ لانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے ایک موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت ہوگی۔
ایف بی آر نے بیگیج سکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ایف بی آر کے مطابق بیگیج رولز 2006 میں مزید ترامیم سے متعلق مسودہ جاری کر دیا، قوانین میں ترامیم سے متعلق 7 روز میں سفارشات دی جاسکتی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق مقررہ میعاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویز اور آرا قابل قبول نہیں ہوں گی، نوٹیفکیشن کے مطابق بیگیج سکیم میں ترمیم کے تحت 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا لانا کمرشل تجارت تصور ہوگی۔
بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی، ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کر لیے جائیں گے۔ بیگیج سکیم میں ترمیم کے تحت اضافی اشیا ڈیوٹی، ٹیکس اور جرمانے کے باوجود کلیئر نہیں ہوں گی۔