حکمران دینی مدارس کیخلاف سازش کر کے اسلامی تعلیمات کاراستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہدایت الرحمن


پنجگور(قدرت روزنامہ)جامعہ مرکز الاسلامی سندے سر پنجگور کے زیرانتظام عظمت قرآن کانفرنس وتقریب ختم بخاری شریف زیر صدارت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی خطیب ایشیا و یورپ مفکر اسلام حضرت مولانا احمد جمشید تھے۔ کانفرنس میں پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ جامعہ ہذا کے مدیر اور جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی حافظ صفی اللہ نے اپنے جامعہ کی کارکردگی درس وتدریس کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی اور آنے والے تمام مہمانوں کا دل کی عطاء گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کراچی سے آئے ہوئے ملک کے نامور عالم دین مولانا مصباح اللہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھائی اور جامعہ مرکز اسلامی سے فارغ التحصیل علماء کرام اور حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی۔ کانفرنس سے خطیب ایشیاء حضرت مولانا احمد جمشید، مولانا ہدایت الرحمن، مفتی حافظ صفی اللہ مولانا حافظ محمد اعظم،مولانا عبدالحلیم، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا نور محمد، مولانا مشتاق احمد اور دیگر علماء کرام نے خطاب کیا، حضرت مولانا احمد جمشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید وہ عظیم کتاب ہے جوکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے قرآن پڈھنے سے نہ صرف دل کو سکون ملتا ہے بلکہ انسان کو جہالت اور اندھیرے سے نکال کر روشنی کی طرف لیجاتا ہے۔ قرآن مجید کو سمجھے۔سمجھائیں۔پڑھیں اور پڑھائیں اسی میں دنیا اور آخرت کی کامیابی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک جس ہستی کے اوپر نازل ہوا اسے رحمت العالمین امام انبیاء کا لقب ملا۔بس مسلمانوں کو نبی کریم ص کی سیرت طیبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی زندگی گزارنا چاہیے۔ اور قرآن پاک کے احکامات پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ قرآن مجید کے جو احکامات ہیں وہ اللہ تعالٰی کے فرمان اور حکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اسلامی تاریخ کا مطالعہ کریں اور دیکھیں کہ اسلام کی روشنی پوری دنیا میں کس طرح پھیلی انبیاء کرام نے اپنی زندگیاں کس طرح گزار دی۔ قرآن مجید خود ظابطہ حیات ہے اس کو پڈھنے اور سمجھنے سے نہ صرف انسان بلکہ پورا معاشرہ بدل سکتا ہے۔کانفرنس سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے حکمران دینی مدارس کے خلاف ساش کرکے اسلامی تعلیمات کاراستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں گزشتہ 70 سالوں سے مدارس رجسٹریشن کے مسئلے سے الجھ رہے ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مندروں۔ سینما گھروں۔ فلمی اداکاروں اور سرکس کے لئے فنڈ مہیا کیا جاتا ہے لیکن وہ ادرے جو قرآن و سنت کا درس دیتے ہیں ان کیلئے ملک کے بجٹ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ علماء کرام چندہ اکٹھا کرکے طلباء کو پڈھاتے ہیں اساتذہ کو تنخواہ دیتے ہیں لیکن پھر بھی دینی مدارس ریاست کیلئے بوجھ تصور کئے جاتے ہیں۔ ملک بھر کے لاکھوں علماء کرام دینی اور ملی خدمات کرکے قوم کو سراط مستقیم کا راستہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر نوجوانوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا جاتا ہے۔ اور لاشیں پھینکنے کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔ جب حقوق کی بات کرتے ہیں تو ہمیں دھمکیاں دی جاتی ہیں لیکن جب تک زندہ ہیں خون کی آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جملہ مسائل پر ہم نے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا اور اب قومی جرگہ بھی منعقد کرنے جارہے ہیں انشاء اللہ بہت جلد کوئٹہ میں لاکھوں افراد کو اکٹھا کرکے احتجاج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور سمیت بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کی حصولی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اتفاق اور اتحاد کا ثبوت دیں اسی میں ہمارا روشن مستقبل وابستہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *