جج کے رویے سے لگ رہا ہے عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا سنا دی جائے گی، علیمہ خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس میں جج کے رویے سے لگ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پیر کو سزا سنا دی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اس کیس میں تمام دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے 3 سنیئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کے قیام اور پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر میرے یہ 2 مطالبات نہیں مانے گئے تو میں اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا ہے کہ ترسیلات زر روکنے سے ملک کو نقصان ہوگا اس لیے آپ تھوڑے دن رک جائیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے ملک کی فکر ہے لہٰذا میں تھوڑے دن انتظار کرلیتا ہوں، انہوں نے مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف ہی بھیجا ہوگا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرنے کے بعد لاکھوں لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے اور لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لندن پلان کے مطابق پی ٹی آئی کو کرش کرنے کا ایجنڈا تھا، مرحلہ وار پارٹی کو کرش کرتے ہوئے انتخابی نشان بھی لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 10 عمارتیں جلائی گئیں تو 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا، اتنے لوگوں نے 10 عمارتیں تو نہیں جلائیں، 8 فروری کو عوام نے ان کو دھوکا دیا اور بتایا کہ وہ ظلم کے نظام کے خلاف کھڑے ہیں اور9 فروری کو لوگوں کا ووٹ چوری کر کے جعلی حکومت بٹھائی گئی۔
علیمہ خان نے کہا قانونی کی حکمرانی کے لیے 24 نومبر کے پرامن احتجاج پر گولی چلائی گئی، جب نوجوان شہید اور زخمی ہوئے تو میں وہاں موجود تھی، عمارات سے گولی چلائی گئی، ہم اس کے عینی شاہد ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *