ایلون مسک ایکس صارفین کو ہیش ٹیگز استعمال کرنے سے کیوں روک رہے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کے سی ای او ایلون مسک نے صارفین کو ہیش ٹیگز استعمال کرنے سے روکا ہے، جس کے بعد انٹرنیٹ پر متعلقہ معاملات اور پلیٹ فارم کے الگورتھم پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
ایک صارف نے ایکس کے اے آئی ٹول ’Grok‘ کے تاثرات کی بنیاد پر ہیش ٹیگز پر اپن رائے کا اظہار کیا تھا۔ اس پوسٹ کے جواب میں ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر ہیش ٹیگز کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ضروری اور جمالیاتی طور پر ناخوشگوار قرار دیا۔
ایلون مسک نے لکھا، ’براہ کرم ہیش ٹیگز کا استعمال بند کریں، سسٹم کو اب ان کی ضرورت نہیں ہے اور وہ (ہیش ٹیگز) بھدے نظر آتے ہیں‘۔
ایلون مسک کی پوسٹ پر ایکس صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے ’ایکس‘ کے الگورتھم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک ایکس صارف نے تو حد ہی کردی اور لکھا، ’ہمیں #StopUsingHashtags کو ٹرینڈ بنانا چاہیے‘۔
واضح رہے کہ ہیش ٹیگز کا استعمال ایلون مسک کے ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) خریدنے سے قبل سے ہی جاری ہے۔ ایلون مسک نے ایکس خریدنے کے بعد اس میں تبدیلیوں کا آغاز کیا، انہوں نے پہلے بلیو ٹک کے حوالے سے پالیسی تبدیل کی اور اب ایسا لگتا ہے کہ وہ ہیش ٹیگز کا استعمال روکنا چاہتے ہیں۔