پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وزارت تجارت کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر توانائی حماد اظہر نے شرکت کی۔
کانفرنس میں پاک سعودی تجارتی اور کاروباری شخصیات شریک ہوئے، سعودی وزیر تجارت خالد الفالح نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت خالد الفالح نے کہا کہ پاک سعودی تجارتی اور کاروباری تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں بہتر انداز میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فاہدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے اعتبار سے آئیڈیل ملک ہے، پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کے لئے گوادر سمیت دیگر اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملا ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں ایک بہتر معاشی صورتحال کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب دوستانہ تعلقات کے علاوہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔