لاہور میں جدید طرز کی مویشی منڈی اور کیٹل ایرینا کی تعمیر کا منصوبہ کتنا مفید ثابت ہوگا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور کی سب سے بڑی مویشی منڈی ملتان روڑ پر شاہ پور کانجراں میں لگائی جاتی ہے، جسے اب جدید طرز پر تیار کیا جارہا ہے۔

72 ایکٹر اراضی پر پھیلی اس مویشی منڈی کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) تیار کررہی ہے اور 6 ماہ کے قلیل عرصہ میں اسے مکمل تیارکرلیا جائے گا ،اس پر 4 سے ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت آئے گئی۔

اس نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ منڈی میں جانوروں کے لیے ہر طرح کی سہولیات موجود ہوں گی، مویشی منڈی کے اندر بڑے اور چھوٹے جانوروں کے لیے جدید طرز کے شیڈز بنائے جائیں گئے۔

شاہ پورکانجراں مویشی منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، ماڈل مویشی منڈی میں کشادہ کار اور موٹرسائیکل پارکنگ کے لیے ایک الگ جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ جانوروں کے لیے 290 لوڈنگ اور ان لوڈنگ ریمپس بنائے جائیں گے تاکہ ملتان روڈ پر ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔

کیٹل ارینا
ماڈل مویشی منڈی میں برازیلین طرز کا کیٹل ارینا بھی بنایا جائے گا جہاں پر جانوروں کی نمائش کی جاسکے گی، کیٹل ایرینا میں ایک رنگ ہوگا جہاں پر لوگ نمائش کے لیے اپنے جانور کھڑے کرسکیں گے اس کیٹل ارینا کے سامنے بولی لگانے والوں کے لیے اسٹیڈیم طرز کی سیٹس لگائی جائیں گی جہاں پر لوگ بیٹھ کر جانور دیکھ سکیں گے اور ان کی قمیت لگائیں گے۔

پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے پبلک ریلیشن آفیسر شیخ اسد نے کو بتایا کہ کیٹل ارینا سے بہت فائدہ ہوگا، ایک تو جانوروں کی منڈی لگانے کے دوران نمائش ہوسکے گئی اور دوسرا یہ کہ جب میلہ مویشیاں کروانا ہوگا تو اسی کیٹل ارینا کی جگہ کو استعمال کیا جاسکے گا کیونکہ یہ ایک اسٹیڈیم طرز کا ارینا ہوگا جہاں پر لوگ آکر جانوروں کی نمائش دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ پورکانجراں میں ماڈل مویشی منڈی بننے سے میٹ ایکسپورٹرز کو بھی فائدہ ہوگا جبکہ یہاں لائیو اسٹاک کاروبار سے منسلک افراد کو جدید ترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

مویشی منڈی میں مساجد، اسپتال اور ہوٹل بھی ہونگے؟
پیبلک ریلیشنز آفیسر شیخ اسد نے بتایا کہ ماڈل مویشی منڈی میں انسانوں اور جانوروں کو بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے الگ اسپتال قائم کیے جائیں گے، دیگر شہروں سے مویشی فروخت کرنے کی غرض سے لاہور آنے والوں کے لیے مہمان خانہ بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں ایڈمن بلاک، مسجد، ہوٹلز اور بیت الخلا بھی تعمیر کیے جارہے ہیں، اس مویشی منڈی روڈ سیفٹی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے، صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے ویسٹ منجمنٹ سسٹم بروقت کام کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماڈل انفراسٹرکچر اور بہتر سہولیات کی دستیابی سے جانوروں کی بیماریوں پر قابو پایا جاسکے گا، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کی وجہ سے مویشی منڈی کو جدید خطوط پر استوار کرکے محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے گا، ماڈل مویشی منڈی میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *