کینیڈا کی ممکنہ اگلی وزیراعظم انیتا آنند کون ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کے عہدے سے استعفیٰ کے اعلان کے بعد ان کی جگہ لبرل پارٹی کی رہنما انیتا آنند نئی وزیراعظم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انتیتا آنند وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں بطور وزیر ٹرانسپورٹ ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ کینیڈا کے اگلے وزیر اعظم کے لیے انیتا کے علاوہ ڈومینیک لی بلانک، کرسٹیا فری لینڈ، میلانی جولی، فرانکو فلیپی اور مارک کارنی جیسے اہم رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
انیتا آنند کون ہیں؟
انیتا آنند 1985 میں نووا اسکوٹیا میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں۔ کینیڈین حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق، ان کے شوہر کا نام جان ہے اور ان کے 4 بچے ہیں۔ انتیا کے والدین ڈاکٹر تھے۔ ان کے والد کا تعلق بھارت کے شہر چنائی جبکہ والدہ بھارتی پنجاب سے تھیں۔
انیتا پیشے کے لحاظ سے ایک وکیل ہیں، انہوں نے کوینز یونیورسٹی، ڈلہوزی یونیورسٹی اور آکسفورڈ سے ڈگریاں حاصل کی ہیں، انہوں نے عملی سیاست کا آغاز 2019 میں اونٹاریو سے کیا تھا اور جلد ہی جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
انہیں 2021 میں کینیڈا کی پہلی خاتون وزیر دفاع بننے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ بطور وزیر دفاع انہیں کینیڈا کی عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کوششوں پر سراہا جاتا ہے۔ بطور وزیر ٹرانسپورٹ انہوں نے ملک میں سڑکوں اور ریلوے کا نظام اور قدرتی ماحول کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارٹی کی سربراہی اور وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے، وزارت عظمیٰ کا عہدہ نئے پارٹی سربراہ کے چناؤ کے بعد چھوڑیں گے۔ پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کینیڈین وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ حکمراں لبرل پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن نئے رہنما کے انتخاب تک وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔